ہندستان جیتے گا ورلڈ کپ:سنیل گواسکر

نئی دہلی۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی کپتان اور لیجنڈ اوپنر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ہندستان انگلینڈ میں 30 مئی سے ہونے والے ورلڈ کپ میں خطابی جیت حاصل کرے گا۔گواسکر نے یہاں ایک کانفرنس کے دوران کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ ہندستان 100 فیصد ورلڈ کپ جیتے گا۔ ہندستان کا فائنل میں پہنچنا تو طے ہے ۔ گواسکر کے ساتھ موجود سابق آسٹریلوی کھلاڑی مائیکل کلارک نے بھی کہا کہ ہندستانی ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچے گی۔ کلارک نے ساتھ ہی کہا کہ آسٹریلوی ٹیم بھی فائنل میں ہوگی لیکن ہندستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر سابق آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن اور ہندستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد بھی موجود تھے ۔پرساد نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کی ٹیم کو لے کر مکمل طور واضح ہیں اور انہیں ٹیم کو لے کر کوئی فکر نہیں ہے ۔