ہندستان ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرے:سہواگ

نئی دہلی۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)دفاعی چمپئن ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ایشیا کپ میں یکے بعد دیگرے دودن میں دومقابلوں کے شیڈول پر چاروں گوشوں سے تنقید ہورہی ہے اور سابق اوپنرویریندر سہواگ نے تو یہ تک کہہ دیا ہے کہ ٹیم کو ایسے میں ٹورنمنٹ میں شرکت ہی نہیںکرنا چاہیے ۔ ہندوستانی ٹیم روایتی حریف پاکستان کے خلاف 19 ستمبر کو ایشیا کپ میں بڑے میچ کے لیے اترے گی جبکہ اس سے ایک دن پہلے اسے کوالیفائنگ ٹیم کے ساتھ ٹورنمنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرنا ہے اور اس ٹیم کی اب تک تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔ سابق ہندستانی کرکٹر نے ایشیا کپ کے پروگرام کے پر سوال اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہندستان کو تو اس ٹورنمنٹ میں ہی نہیں کھیلنا چاہیے ۔سہواگ نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو ونڈے میچ کھیلنے کے بعد اگلے میچ سے پہلے کم ازکم ایک دن کے آرام کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ایشیا کپ میں ہندستانی ٹیم کو مسلسل دو دن دو میچز کھیلنے ہوں گے ۔سہواگ نے کہا کہ میں اس بات سے بہت حیران ہوں کہ یہ کیسا پروگرام تیارکیا گیا ہے ،کون سا ملک ہے جو دودن میں دوبین الاقوامی میچ کھیلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بھی ٹوئنٹی20 سیریز میں بھی ہر میچ میں دو دن کا فرق تھا اور ایشیا کپ میں تو50 اوورس کی شکل میں کھیلنا ہے ۔دبئی میں موسم بہت گرم ہوتا ہے تو کھلاڑیوں کو آرام ملنا چاہیے ۔مجھے نہیں لگتا کہ یہ فارمیٹ کہیں سے ٹھیک ہے ۔