لندن۔8 اگست(سیاست ڈاٹ کام) ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور انکی اداکارہ اہلیہ انوشکا شرما ہندوستان کی سب سے مقبول جوڑی سہی ہیں لیکن انگلینڈ کے دورہ پرموجود ٹیم کے ساتھ لندن میں واقع ہندستانی ہائی کمیشن میں قومی ٹیم کی سرکاری تصویر میں انوشکا کی موجودگی نے کئی لوگوں کو ناراض کر دیا ہے ۔ہندستانی ٹیم کوہلی کی قیادت میں فی الحال انگلینڈ کے دورہ پر ہے جہاں قومی ٹیم کی لندن میں واقع ہندستانی ہائی کمیشن نے میزبانی کی جس میں انوشکا بھی موجود تھیں جس حرکت نے ٹیم کے مداحوں کو ناراض کیا وہ انوشکا کی ہندستانی ٹیم کی سرکاری فوٹو میں موجودگی ہے ۔ہائی کمیشن میں ہندستانی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور کوچ روی شاستری نے حکام کے ساتھ فوٹوکھنچوائی۔ اس تصویر میں تمام کھلاڑیوں نے سرکاری ڈریس کوڈ پر بھی عمل کیا۔ اس تصویر میں کسی دیگر کھلاڑی کی اہلیہ نہیں ہے لیکن سب سے آگے کپتان کوہلی کے ساتھ ان کی اہلیہ انوشکا موجود ہیں۔بی سی سی آئی نے ٹوئٹر پر اس تصویر کو شائع کیا ہے ۔ سوشل سائٹ پر عوام نے انوشکا کی ہندستانی ٹیم کی سرکاری تصویر میں موجودگی کی یہ کہہ کر تنقید کی ہے کہ انہیں کوہلی کی بیوی ہونے کی وجہ سے خصوصی رعایت دی گئی ہے جو کہ غلط ہے ۔حال ہی میں بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے آخر تک کرکٹرز کی بیویوں کو ہندستانی ٹیم کے ساتھ دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا اور اسی وجہ سے انوشکا کی موجودگی پر زیادہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔