کراچی ۔24 (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی غرض سے ملک کے صف اول کے سابق کھلاڑیوں شاہد آفریدی،یونس خان اور جہانگیر خان نے اسپورٹس ڈپلومیسی کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور افغانستان سے روابط کی بہتری کیلئے کھیلوں کی سطح پر کوششیں کی جائیں،وزیراعظم عمران خان اپنے تعلقات کا بھی استعمال کریں۔میڈیا کے مطابق آفریدی،یونس خان اور اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت ہندوستان اور افغانستان سے کشیدہ تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے قدم اٹھائیں اور اس حوالے سے اگر حکومت کو ان کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ بھی اپنا کردار نبھانے کیلئے تیار ہیں۔پاکستان کے ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ وہ افغانستان میں کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ان کے پڑوسی ملک میں کھلاڑیوں اور منتظمین سے اچھے مراسم ہیں اور موجودہ دور چونکہ جنگ یا اختلافات کا نہیں لہٰذا روابط کی بہتری کیلئے پڑوسی ممالک سے کھیلوں بطور خاص کرکٹ کی سطح پر سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے اور وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے اپنے تعلقات کو بھی استعمال کریں۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ حال ہی میں پاکستان آنے والے سابق کھلاڑی نوجوت سنگھ سدھو کا بھی یہی خیال تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کو اپنا کڑوا ماضی دفنا کر آگے کی جانب دیکھنا چاہئے اور وہ بھی ہمیشہ سے یہی سمجھتے ہیں کہ کرکٹ کے کھیل میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لا سکتی ہے اور اس سطح پر لازمی پیشرفت ہونا چاہئے۔اسکواش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا کہ کھیلوں پر سیاسی اثرات نہیں پڑنا چاہئے کیونکہ یہ مختلف ممالک میں رابطوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔دوسرے کھیلوں کی طرح وزیراعظم پاکستان اسکواش کے کھیل کی بحالی اور ترقی کیلئے بھی اقدامات کریں جس میں پاکستان کی طویل عرصے تک عالمی حکمرانی رہی ہے۔