ہند، سری لنکا کو آج زخمی کھلاڑیوں سے پریشانی

دھونی اور دھون کے بعد روہت بھی زخمی ۔ کیپٹن ملنگا کی شرکت بدستور مشکوک ۔ بنگلہ دیش سے ہارنے کے بعد سری لنکا پر دباؤ
میرپور ، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کلیدی کھلاڑیوں جیسے کپتان ایم ایس دھونی اور روہت شرما کو انجریز انھیں پریشان کررہے ہیں لیکن پھر بھی ہندوستان کافی پسندیدہ رہے گا جب وہ کمزور اور جدوجہد سے دوچار سری لنکا کا ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ کے اپنے دوسرے آخری لیگ میچ میں کل یہاں سامنا کریں گے۔ انجریز کے باوجود ہندوستان کو جزیرہ قوم کے خلاف برتری حاصل ہے، جن کو انھوں نے حالیہ ہوم سیریز میں 2-1 سے ہرایا تھا۔ اس کی وجہ لنکن کیپٹن اور اہم اسٹرائک بولر لاستھ ملنگا کو ممکنہ انجری ہے، جن کے گھٹنے کا مسئلہ پھر اُبھر آیا ہے اور اس ٹورنمنٹ میں اُن کی مزید شرکت مشکوک ہوچلی ہے۔ عبوری کپتان انجیلو میتھیوز نے گزشتہ رات بنگلہ دیش کے خلاف اپنی ناکامی کے بعد کہا تھا: ’’مجھے نہیں معلوم آیا لاستھ اگلے دو میچوں میں دستیاب ہوں گے یا نہیں کیونکہ یہ فٹنس سے متعلق مسئلہ ہے۔ اُن کی انجری دوبارہ اُبھر آئی ہے۔‘‘ ڈیفنڈنگ ورلڈ چمپینس سے درپیش چیلنج میں سر کھپانے سے کہیں زیادہ انڈین ٹیم جہاں تک انجریز کا معاملہ ہے، خود اپنی لائن اپ کو ٹھیک ٹھاک رہنے کوشاں ہوگی۔ کپتان دھونی پیٹھ میں تکلیف کے سبب درد کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور اسی وجہ سے انھوں نے خود کو زیادہ تر ٹریننگ سیشنس کا حصہ بننے سے روکے رکھا ہے۔ اتنا ہی کافی نہیں تھا کہ شکھر دھون پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ سے قبل اَن فٹ قرار دیئے گئے، جس کا سبب اُن کے دائیں ٹخنہ میں تکلیف بتایا گیا۔ ایسی قیاس آرائی ہے کہ گیند کی اُچھال کے ساتھ ساتھ سیم اور سوئنگ والے حالات میں دھون کی قابل اعتراض تکنیک کو دیکھتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے اجنکیا رہانے کو ٹاپ آرڈر میں زیادہ بھروسہ مند سمجھا۔ پھر دھون کی انجری کے بعد تازہ ترین جھٹکہ روہت شرما کا لگا ہے جو پاکستان کے خلاف میچ میں محمد عامر کے زوردار یارکر کی بائیں پیر پر ضرب سے تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے بموجب احتیاطی طور پر ایکس رے کرایا گیا اور خوش قسمتی سے کوئی فریکچر نہیں پایا گیا ہے۔ لیکن چونکہ دونوں اوپنرز زخمی ہیں، اس لئے قطعی گیارہ کھلاڑیوں کے بارے میں سوالیہ نشان اُبھر آیا ہے، جبکہ گزشتہ آٹھ T20 میچوں میں قطعی XI بڑی حد تک یکساں رہے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں ہندوستان کیلئے بظاہر کوئی مسائل نہیں ہیں۔ جہاں تک ٹریک ریکارڈ کی بات ہے ہندوستان نے رواں سال آٹھ کے منجملہ سات میچز جیتے ہیں۔ بہرحال پاکستان میچ کے بعد نئی اوپننگ جوڑی کا امکان پوری طرح مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ روہت اور دھون دونوں کو لنکا میچ کیلئے اَن فٹ قرار دینے کی صورت میں رہانے کے ہمراہ پارتھیو پٹیل میدان سنبھال سکتے ہیں۔ جہاں تک سری لنکا کا معاملہ ہے، وہ لجنڈ کھلاڑیوں کی سبکدوشی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، اور اب کپتان ملنگا کی انجری بڑا جھٹکہ بن کر سامنے آئی ہے۔ اس کی شدت بنگلہ دیش کے مقابل 23 رنز کی ناکامی کے بعد مزید بڑھ گئی کیونکہ اس شکست نے فائنل کیلئے کوالیفائی ہونے اُن کے امکانات سنگین طور پر لیت و لعل میں ڈال دیئے ہیں۔
٭  میچ کی شروعات شام 7 بجے (IST) ہوگی۔