ہم کسان ہی ہیں، اسرائیل کا دورہ کرنے والے ارکان اسمبلی کا بیان

کریم نگر۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عصری زرعی طریقہ کار سے واقفیت کے لئے اسرائیل کا دورہ کرنے والے ارکان اسمبلی گنگولا کملاکر، کے ودیا ساگر راؤ، داسری منوہر ریڈی نے ان پر کسان نہ ہونے کے الزام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسان گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں ان کے باپ دادا، پڑ دادا سب شعبہ زراعت سے وابستہ تھے اور وہ بھی سیاست کے علاوہ زراعت سے جڑے ہوئے ہیں اور بیوپار سے بھی وابستہ ہیں۔ یہ قائدین 27تا 30اپریل اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں تاکہ زرعی شعبہ میں عصری کاشتکاری کی ٹیکنک سے واقف ہوسکیں۔

کار کی ٹکر سے کمسن لڑکی ہلاک
کورٹلہ۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کورٹلہ میںپرکاشم روڈ پر واقع دلیپ رائو ہاسپٹل کے سامنے کار کی ٹکر سے ایک کمسن لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب وینکٹاپور موضع کورٹلہ منڈل سے تعلق رکھنے والے انوملا گنیش کی لڑکی انوملا ورشنی 4سالہ جو اپنے مکان سے کرانہ دکان جاکر کھانے کی چیز لیکر دکان سے نکل رہی تھی کہ تیز رفتارکار AP28DK0120 نے ٹکر دیدی ۔ جس سے 4سالہ ورشنی بر سر موقع ہلاک ہوگئی ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر آف پولیس کورٹلہ جگدیش نے مقام حادثہ پر پہنچ کر نعش گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔