ہم پلکیں کیوں جھپکاتے ہیں ؟

پیارے بچو! ہم جب تک جاگتے رہتے ہیں ہماری پلکیں خود بخود جھپکتی رہتی ہیں ‘ جب ہم سوجاتے ہیں تو وہ چند گھنٹوں کیلئے ہماری آنکھوں کو ڈھانپ لیتی ہیں ۔ آنکھ جھپکانے کے لئے ہمیں کسی قسم کی محنت نہیں کرنی پڑتی ۔

ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا اور ہماری پلکیں جھپکتی رہتی ہیں ۔ یہ عمل ہماری آنکھوں کو محفوظ رکھتا ہے ‘ اگر کوئی چیز آنکھوں کی طرف آنے لگے تو ہماری پلکیں تیزی سے جھپکنے لگتی ہیں اور خودبخود ہماری آنکھوں کو ڈھانپ لیتی ہیں ۔ پلک جھپکنے سے ہماری آنکھوں میں تھوڑی سی نمی موجود رہتی ہے ۔ اس نمی سے ہماری آنکھیں ڈھکی رہتی ہیں ۔ اگر گرد کا ایک ذرہ آنکھ میں چلا جائے تو یہ نمی بڑھ جاتی ہے اور پانی بہنے سے گرد بھی دھل جاتی ہے اور آنکھ صاف ہوجاتی ہے ۔

ہماری پلکیں وہی کام کرتی ہیں جو کیمرے میں شٹر کرتا ہے ۔ شٹر کیمرے کے لینسز کو ڈھانپنے کے کام آتی ہیں اور وہ صرف اس وقت کام کرتا ہے جب ہم تصویر لینے کیلئے اس کا بٹن دباتے ہیں ۔ شٹر کیمرے کے اندر فلم کو گرد و غبار سے محفوظ رکھتا ہے ۔ پلکیں اور پپوٹے بھی ہماری آنکھ کو محفوظ رکھتے ہیں ۔ جب ہم سوتے ہیں تو وہ آنکھ کو ڈھانپ لیتے ہیں تاکہ روشنی اور گرد آنکھ میں داخل نہ ہو ۔ روشنی سے آنکھیں کھلتی ہیں کیونکہ روشنی ایک طرح کی توانائی ہے ۔ پلکوں اور پپوٹوں سے سوتے وقت بھی ہماری آنکھوں کو بہت آرام ملتا ہے ۔