کارڈف ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اس وقت ونڈے کرکٹ میں دنیا سے بہت پیچھے ہے۔ تاہم انھیں اس بات پر اطمینان ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں چند باصلاحیت کرکٹرز سامنے آئے ہیں جو ٹیم میں آل راؤنڈر کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ تاہم وہ ’وائٹ واش‘ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور کارڈف میں پانچواں و آخری میچ پاکستان نے 303 کا ٹارگٹ حاصل کرتے ہوئے چار وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستانی کپتان اظہر نے اس کامیابی پر سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پورے ٹور پر سرفراز نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 90 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے سرفراز سیریز میں 300 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹسمن رہے۔ اظہرنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسٹرائیک ریٹ کے معاملے میں پاکستانی ٹیم باقی دنیا سے کافی پیچھے ہے۔ ’’اس معاملے میں بہتری لانے میں وقت لگے گا۔ کھلاڑی اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں اور کوچنگ اسٹاف بھی اس سلسلے میں بہت محنت کررہا ہے۔‘‘ اظہر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز بہت سخت رہی۔ پاکستانی ٹیم بہت اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکی لیکن اس سیریز کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ کچھ باصلاحیت کرکٹرز ضرور سامنے آئے ہیں جیسے حسن علی، محمد نواز اور عماد وسیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ’’پاکستانی ٹیم کا اس وقت ایک بڑا مسئلہ آل راؤنڈر کا ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ اس ٹور میں ہمیں دو آل راؤنڈر مل گئے ہیں اور اگر انھیں متواتر موقع دیاجائے تو وہ ٹیم کیلئے بڑے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔‘‘