ہم مذہبی اداروں پر انحصار کر رہے ہیں : محمد بن سلمان

ریاض۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ الازہر احمد الطیب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے مذہبی اداروں پر انحصار کر رہی ہے۔ شیخ الازہر نے شہزادہ محمد کو ولی عہد بننے پر مبارک باد دینے اور حرم مکی کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گردی کی ناکام کوشش کی مذمت کے واسطے ٹیلیفون کال کی تھی۔گفتگو کے دوران احمدالطیب نے نئے ولی عہد کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہزادہ محمد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دانش مندانہ قیادت کے سائے میں اپنے دین ، وطن ، قوم اور امّت مسلمہ کی خدمت پر پورا اتریں گے۔ احمد الطیب نے عرب اور اسلامی یک جہتی کی مضبوطی کے لیے شہزادی محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا۔شیخ الازہر نے جمعے کے روز دہشت گردی کی اس ناکام کوشش کو شدید مذمت کی جس میں حرم مکی کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ انہوں نے باور کرایا کہ جامعہ الازہر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مملکت سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے سعودی سیکورٹی فورسز کو بروقت تیار رہنے اور دہشت گردی کے منصوبے پر روک لگانے کے حوالے سے بھرپور طور پر سراہا۔دوسری جانب شہزادہ محمد بن سلمان نے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے اور علومِ دین پھیلانے کے حوالے سے الازہر کے کردار کو گراں قدر قرار دیا۔ انہوں نے شدت پسند سوچ اور دہشت گرد جماعتوں کے مقابلے کے لیے شیخ الازہر اور مذہبی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔