ہم امریکہ کو خون میں نہلا دیں گے، اسلامک اسٹیٹ کی دھمکی

بغداد۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں ایک بڑے علاقے پر قابض شدت پسند گروپ ’’اسلامک اسٹیٹ‘‘ نے ایک ویڈیو پیغام میں امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ وہ اسے خون میں نہلا دے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ویڈیو میں ایک امریکی کا کٹا ہوا سر بھی دکھایا گیا ہے، جب کہ اس گروہ کی دیگر کارروائیوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند ماہ میں اس گروہ نے عراق کے شمال اور مغرب میں ایک بڑے علاقے پر قبضہ کیا ہے۔ تاہم اس گروہ کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف سفاکانہ کارروائیوں کے بعد امریکہ نے شمالی عراق میں اس گروہ کیخلاف اپنے فضائی حملے شروع کر رکھے ہیں۔