واچ میان نے مالک کی ضعیف بیوی سے نقد رقم اور طلائی زیورات چھین لیا
حیدرآباد 14 جولائی ( سیاست نیوز) مالک کے مکان میںسرقہ بالجبر کرنے والے واچ مین اور اس کے ساتھیوں کو ہمایوں نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 65 سالہ ضعیف شخص پی ہری گوپال ریڈی ساکن پی ایس نگر مانصاحب ٹینک نے 8 جولائی کو پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں بی پروین کمار واچ مین اس کی بیوی بی ویشنوی اور بھانجی سنیتا نے مکان میں کام کرنے کے بہانے داخل ہوکر ان کی بیوی سوبھا پر حملہ کر تے ہوئے الماری میںموجود ہیرے کے ٹاپس ،تین ہزار روپئے نقد رقم ،منگل سوتر، امریکی ڈالر اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لئے تھے۔ بعدازاں شوبھا کو مکان میں مقفل کر کے فرار ہوگئے تھے ۔ اس واقعہ میں گوپال ریڈی کی بیوی شدید زخمی ہوگئی تھی جنہیں ایمبولنس کے ذریعہ دواخانہ منتقل کیا گیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران واچ مین پروین کمار اس کی بیوی اور بھانجی کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ اشیاء جس کی مالیت 3 لاکھ 47 ہزار روپئے بتائی گئی ہے برآمد کرلیا گیا ۔