حیدرآباد /22 ا کٹوبر ( سیاست نیوز ) ہمایوں نگر پولیس نے توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 6 افراد بشمول چار خواتین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات جو تقریباً 28 تولہ بتائی گئیں ہیں کو ضبط کرلیا ۔ مسروقہ اشیاء کو فروخت کرنے کے دوران یہ ٹولی پولیس کے ہاتھ لگی جو مشتبہ حالت میں ایک آٹو میں گشت کر رہی تھی ۔ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران انہیں حراست میں لیا تھا اور پوچھ تاچھ کے دوران اس ٹولی نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ زبیدہ بیگم 27 سالہ ظاہرہ بیگم 24 سالہ فریدہ بیگم 29 سالہ صابرہ بیگم 25 سالہ اظہر علی 30 سالہ حنیف شیخ ساکنان چلکل گوڑہ کو گرفتار کرلیا ۔ ہمایوں نگر پولیس نے زیورات کی دوکان سے توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے کی شکایت پر کارروائی کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں اور سیل فون کی مدد سے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔
منگل ہاٹ میں نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /22 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) منگل ہاٹ کے علاقہ میں ایک 19 سالہ نوجوان نے مشتبہ طور پر پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 سالہ رماکانت جو گنگاباؤلی علاقہ کے ساکن لڈوسنگھ کا بیٹا تھا ۔ پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ رماکانت 3 تا 4 دن سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا اور پریشانی کے عالم میں تھا جس نے ا نتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔