حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں واقع انجینئرنگ کالج کے 4طلباء کی نعشیں ہماچل پردیش سے فوج کے ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ منتقل کردی گئیں جہاں یہ طلباء ایک دریا میں غرقاب ہوگئے تھے۔ VNR وگیان جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ کے24طلباء جو کہ تفریح پر گئے ہوئے48رکنی گروپ کا حصہ تھے اور اس المیہ میں زندہ بچ گئے تھے کل شب ایک اور طیارہ کے ذریعہ طیرانگاہ شمس آباد پہنچے جبکہ غرقاب طلباء اے وجیتا، لکشمی گیانتر، جی ایشوریہ اور رام بابو کی نعشیں بیگم پیٹ ایر پورٹ لائی گئیں۔ اس خصوص میں آندھرا پردیش کے وزیر تعلیم پی نارائن، مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو اور ریلیف کمشنر جی سی شرما نے خصوصی طیارہ کا انتظام کیا تھا اور ان طلباء کے بارے میں اطلاعات کی فراہمی اور مرکز اور ہماچل پردیش حکومت سے رابطہ کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکومتوں نے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔