ویلنگٹن ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برنڈن مکالم نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ میں کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عالمی ٹسٹ درجہ بندی میں بہتری حاصل کرنا ہے۔ ایک درجہ ترقی اور ہندوستان کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو آخری ٹسٹ کے تینوں شعبوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ مکالم نے کہا کہ ٹیم کے بولرس با صلاحیت ہیں امید ہے کہ وہ ہندوستانی بیٹسمینوں کو دوسرے ٹسٹ میں بھی پریشان کریں گے۔ نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے درمیان دوسرا ٹسٹ 14 فروری کو شروع ہوگا۔ میزبان کپتان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ہندوستان کے خلاف کھیلی گئی ونڈے سیریز میں کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور ہندوستان کے خلاف ابتدائی ٹسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی ہندوستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھ کر سیریز میں بھی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔