’ہماراحال سمجھنے ایک دن ہماری زندگی گذارو‘

ایمس کے ڈاکٹروں کا وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب
نئی دہلی ۔ 24ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں ڈاکٹروں کے زیادہ تنخواہ اور ترقیوں کیلئے احتجاج کی تائید کرتے ہوئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس ( ایمس ) کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں نے وزیراعظم مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ وہ ان کا حال زار سمجھنے ایک دن کیلئے ان کی زندگی گزار کر دکھائیں ‘ ۔مکتوب میں ایمس کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں کی اسوسی ایشن نے کل وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ اُن کی حالت سمجھنے کیلئے ایک دن ان کی زندگی گذار کر دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیگر وزراء کیلئے بھی ایک مثالی نمونہ ہوگا جو سستی تشہیر کیلئے ڈاکٹروں پر الزام عائد کرتے ہیں ۔ راجستھان کے کئی ڈاکٹروں کو حکومت نے راجستھان لازمی خدمات برقراری قانون کے تحت گرفتار کرلیاہے ۔ جب کہ ڈاکٹروں کی اسوسی ایشن نے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ انکے مطالبات کی تائید میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کی جائے گی ۔