فضائی حملوں پر حکومت اور وزراء کے متضاد بیانات سے اُلجھن: رندیپ سرجے والا
نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے حالیہ فضائی حملہ میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی صحیح تعداد بتانے کے لئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے۔ اس سے دو دن قبل مرکزی وزیر ایس ایس اہلوالیہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی یا کسی سرکاری ترجمان نے بالاکوٹ فضائی حملے میں ہلاکتوں کی کوئی تعداد نہیں بتائی تھی۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے پیر کو ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’مودی جی آپ کی مرکزی حکومت کیو زراء کہہ رہے ہیں کہ ٹی وی چیانلوں کی خبریں جھوٹی ہیں اور بیان کیا تھا کہ وزیراعظم نے بالاکوٹ میں 300 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا تھا۔ کیا یہ درست ہے؟ اگر نہیں ہے تو پھر وزیراعظم کو سچائی بیان کرنا ہی چاہئے‘۔ مملکتی وزیر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ایس ایس اہلوالیہ نے ہفتہ کو سلیگوڑی میں کہا تھا کہ نہ تو مودی اور نہ ہی کسی سرکاری ترجمان نے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی کوئی تعداد بتائی تھی۔ اُنھوں نے مزید کہا تھا کہ اس کے بجائے ہندوستانی میڈیا اور سوشیل میڈیا کے استعمال کنندگان دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں غیر مصدقہ تعداد بیان کررہے ہیں۔ اہلوالیہ نے ہفتہ کو سلیگوڑی میں کہا تھا کہ ’مَیں ہندوستانی اور بین الاقوامی میڈیا میں دیکھا ہوں کہ مودی نے کیا کہا تھا۔ فضائی حملوں کے بعد مودی نے ہلاکتوں کے بارے میں فی الواقعی کچھ نہیں کہا تھا۔ مَیں پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا مودی جی یا کسی سرکاری ترجمان یا ہماری پارٹی کے صدر امیت شاہ نے کوئی تعداد بتائی ہے؟‘ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کی طرف سے وزیراعظم سے فضائی حملوں پر کئے گئے سوال پر دارجلنگ کے رکن پارلیمنٹ نے یہ تبصرہ کیا تھا۔ پاکستان میں جیش محمد کے دہشت گرد تربیتی کیمپوں پر انڈین ایر فورس کے فضائی حملوں کے بارے میں ممتا بنرجی نے ثبوت طلب کیا تھا۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں تفصیلات جاننا چاہتی ہیں۔