ہلاری کلنٹن کی آج آمدحکمت عملی مذاکرات میں شرکت

نئی دہلی /17 جولائی (یو این آئی) امریکی وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن دوسرے دور کے ہند۔ امریکہ حکمت عملی مذاکرات کے آغاز کے لئے کل یہاں پہنچیں گی۔ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے علاوہ 13 جولائی کو ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں، افعان۔ پاک صورت حال، نیو کلیر سپلائرس گروپ میں ہندوستان کو استثناء، دفاعی تعلقات، آؤٹ سورسنگ، تعلیم اور دیگر امور پر ہندوستانی ذمہ داروں سے تبادلہ خیال کریں گی۔ مسز ہلاری کلنٹن کی قیادت میں ایک اعلی سطحی امریکی وفد بھی ہندوستان پہنچ رہا ہے۔ہلاری کلنٹن دو روزہ سرکاری دورہ پر یہاں پہنچ رہی ہے ۔ وہ وزیر امور خارجہ ایس ایم کرشنا کے علاوہ وزیراعظم منموہن سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر شیوشنکر مینن سے بھی ملاقات کریں گی ۔ منگل کو وہ قومی سلامتی کے مشیر سے ناشتہ پر ملاقات کے بعد ہند ۔ امریکہ مذاکرات میں شریک ہوں گی جس کے بعد وزیراعظم اور کئی سینئر سیاسی قائدین بشمول صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گی ۔