ریلے گاؤں سدھی۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انا ہزارے نے آج کہا ہے کہ وہ اپنے قریبی ساتھی اروند کجریوال کی دہلی میں ہفتہ کو منعقد شدنی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ ان کی صحت ناساز ہے ۔انا ہزارے سے جب سوال کیا گیا کہ‘ کیا وہ دہلی کا سفر کررہے ہیں تاکہ 28ڈسمبر کو کجریوال کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں تو اس کے جواب میں انا ہزارے نے کہاکہ میری طبعیت ناساز ہے۔ انا ہزارے سے متعدد مرتبہ جب مذکورہ تقریب میں شرکت کے متعلق استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں فی الحال اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں کیونکہ میری طبعیت ناساز ہے ۔ دہلی کے آئندہ چیف منسٹر کجریوال نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ حلف برداری تقریب میں اپنے گرو انا ہزارے کو شخصی طور پر مدعو کریں گے ۔ اس ضمن میں کجریوال کا کہنا ہے کہ انا ہزارے ان کے گرو ہیں اور وہ شخصی طور پر ان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دعوت نامہ حکومت کی جانب سے روانہ کیا جاتا ہے اور میں نے انہیں کہا ہے کہ وہ انا ہزارے کو بھی خصوصی دعوت نامہ روانہ کریں ‘ ان کے علاوہ کرن بیدی اور جسٹس سنتوش ہیگڑے بھی مخصوص شخصیتوں میں شامل ہیں ۔ دو دن قبل انا ہزارے نے کہا کہ انہیں ابھی تک دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے ‘ تاہم وہ اپنی ناساز طبعیت کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت نہیں کرپائیں گے ۔ قبل ازیں ہزارے نے عام آدمی پارٹی کی جانب سے نئی دہلی میں حکومت کی تشکیل پر اظہار خیال کرنے سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہاکہ وہ لوک آیوکت مسئلہ پر اپنے خیالات کااظہار ضرورکریں گے ۔ ہزارے اور کجریوال میں اُس وقت اختلافات ہوئے جب کجریوال نے سیاسی جماعت کا اعلان کیا ۔دونوں کے درمیان اختلافات میں اُس وقت شدت دیکھنے کو ملی تھی جب انا ہزارے کی بھوک ہڑتال میں شرکت کرنے گئے گوپال رائے نے احتجاج کے مقام سے فوری واپس ہوگئے تھے ۔