ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہمی کے مواقع، موثر اقدامات

ورنگل میں عنقریب آئی ٹی کمپنیوں اور ٹکسٹائیل پارک کا قیام، ریاست کی ترقی سے اپوزیشن کو بوکھلاہٹ: کے ٹی آر

ورنگل۔/2نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ورنگل کی ترقی کیلئے چیف منسٹر سنجیدہ ہیں ، تحریک تلنگانہ میں ورنگل کے قائدین کا اہم کردار رہا، عنقریب ہزارہا نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ کڈا اور گریٹر میونسپل کارپوریشن کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے کے ڈی سی گراؤنڈ ہنمکنڈہ میں KUDA چیرمین مری یادو ریڈی کی حلف برداری تقریب کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد ورنگل تلنگانہ ریاست میں دوسرا بڑا ضلع ہے بلکہ ورنگل تلنگانہ کا سر ہے، ورنگل کے قائدین اور عوام نے علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ حال ہی میں ریاستی حکومت نے9 چیرمین کا انتخاب کیا ہے جن میں ورنگل کے قائدین کو 4 کارپوریشن کا صدر بنایا گیا ہے۔ آئندہ بھی ورنگل کے حصہ میں مزید عہدے جائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں سب کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی طرح ورنگل کو بھی ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تالابوں کی ترقی کیلئے حکومت نے جو اسکیم کا آغاز کیا ہے اس کا نام مشن کاکتیہ رکھاگیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ورنگل میونسپل کارپوریشن کو 300کروڑ خصوصی بجٹ منظور کیا ہے جو پانچ سالوں میں 1500 کروڑ دیئے جائیں گے۔ علاوہ اس کے ورنگل کو اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت مزید 600کروڑ بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 50 سالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ورنگل کو ماسٹر پلان کے تحت ترقی دی جائے گی۔ ورنگل میں آئی ٹی کمپنی کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جس سے 1500 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ورنگل میں بہت جلد ٹکسٹائیل پارک کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا اس کے لئے اراضی کی فراہمی کا کام جاری ہے جو بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ عصری طرز کا ٹکسٹائیل پارک ہوگا جہاں پر کاٹن کے ساتھ عمدہ قسم کا کپڑا تیار کیا جائے گا۔ اس میں گارمنٹ کا ایک بڑا شعبہ بھی ہوگا جس سے مقامی نوجوانوں کو ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں عمدہ قسم کے کاٹن کی کاشت ہوتی ہے اس کاشت کا 80 فیصد حصہ باہر کی منڈیوں میں جارہا ہے۔ یہاں پر ٹکسٹائیل پارک کے قیام سے کسانوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی کے تعلق سے جھوٹے بیانات دینا بند کردے، تلنگانہ کی ترقی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ اس موقع پر مقامی ارکان اسمبلی نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ ورنگل کی ترقی کیلئے مزید فنڈس فراہم کریں، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن بنانے کیلئے شہر کے اطراف کے دیہی علاقوں کو شامل کیا گیا۔ ان علاقوں کو ترقی دینے کی سخت ضرورت ہے۔ حالیہ بارش کی وجہ سے کئی ایک ڈیویژن میں شدید تباہی ہوئی تھی۔ علاوہ اس کے آر رمیش اسٹیشن گھن پور ایم ایل اے نے مطالبہ کیا کہ گریٹر ورنگل میں شامل کئے گئے علاقوں کے ٹیکس معاف کئے جائیں اور نامزد عہدوں میں دیہی علاقوں کے قائدین کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

کے ٹی راما راؤ کو پہلی مرتبہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق بنانے ورنگل کا دورہ کیا۔ شہر میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میئر ورنگل این نریندر کی قیادت میں 100موٹر کاروں اور رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر کی قیادت میں موٹر سیکل ریالی کے ساتھ جلسہ گاہ لایا گیا۔ کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی دفتر میں مری یادو ریڈی کو عہدہ حلف دلانے کے بعد کاکتیہ ڈگری کالج گراؤنڈ ہنمکنڈہ میں بڑا جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، ایم پی دیاکر، سیتا رام نائیک، ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر، ارکان اسمبلی دھرما ریڈی، شنکر نائیک، منتی ریڈی، ایم ایل سی پی وینکٹیشورراؤ، ڈپٹی میئر خواجہ سراج الدین کے علاوہ کارپوریٹرس صوبیہ صباحت، رضوانہ شمیم، وجئے بھاسکر کے علاوہ اقلیتی قائدین، سابق کارپوریٹر محمد صادق، رحیم النساء، محمد محمود کلے، محمد شفیع، چاند پاشاہ، سید مسعود، عبدالقدوس، شیخ احمد مسیح الدین، شاردھاجوشی ، راجندر کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکن اور عوام شریک تھے۔ جلسہ گاہ میں کے ٹی آر کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس لگائے گئے تھے۔