راہول گاندھی کے ریمارک پر بہار میں مقدمہ درج
پٹنہ 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی کے خلاف آج بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے مقدمہ دائر کیا ہے ۔ یہ مقدمہ راہول گاندھی کے اس ریمارک پر دائر کیا گیا جس میں انہوں نے ایک تقریر میں سوال کیا تھا کہ ہر چور کے نام کے آگے مودی کیوں ہے ۔ سشیل کمار مودی نے پٹنہ چیف جوڈیشییل مجسٹریٹ کمار گجنن کی عدالت میں یہ مقدمہ دائر کیا ہے ۔ سشیل کمار مودی نے کہا کہ 13 اپریل کو مہاراشٹرا کی ایک ریلی میں راہول گاندھی کی جانب سے کئے گئے ریمارکس پر انہیں تکلیف ہوئی ہے ۔ اس تقریر کو ٹی وی چیانلس پر نشر کیا گیا تھا ۔ سشیل کمار نے کہا کہ اس ریمارک پر مودی نام رکھنے والے تمام افراد بشمول انہیں بھی تکلیف ہوئی ہے ۔ اس درخواست پر 22 اپریل کو سماعت ہوگی ۔ راہول گاندھی نے مہاراشٹرا میں ایک تقریر کے دوران سوال کیا تھا کہ کیوں ہر چور کے نام کے آگے مودی ہے ؟ ۔ چاہے وہ للت مودی ہو ‘ نیرو مودی ہو یا پھر نریندر مودی ہو ۔