ہر ٹیم بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہی:سنگا کارا

کولمبو۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا نے دعویٰ کیاکہ گزشتہ تین دہوں کے دوران میدان میں اترنے والی ہر کرکٹ ٹیم بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہی ہے۔اپنے ایک کالم میں کمار سنگاکارا نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ ایک ایسی برائی ہے جسے کئی برس تک فری پاس ملا رہا، ہر ٹیم اس میں ملوث رہی، کمارسنگاکارا اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی جانب سے سامنے آنے والا بال ٹیمپرنگ تنازعہ کوئی پہلا واقعہ ہے۔کمار سنگاکارا نے کہا کہ منتظمین بھی کھلاڑیوں کی حرکتوں سے آگاہ تھے، انھیں بھی ذمہ داری قبول کرنا چاہیے۔ سنگاکارا نے آئی سی سی سے اس سارے معاملے کے جائزے کیلیے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی پی ایل سٹے باز دہلی سے گرفتار
نئی دہلی ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پولیس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچوں پر سٹے بازی کرنے والے 3افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ تینوں افراد نئی دہلی میں واقع ایک گھر سے آن لائن سٹے بازی کا سنڈیکیٹ چلا رہے تھے۔ پولیس کے ایک سینیئرعہدیدار یودبھیر سنگھ نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات شروع کردی ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور اس گروہ کی دیگر کارروائیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق ان سٹے بازوں نے کہا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ یہ کام کررہے ہیں لیکن یہ ٹورنمنٹ کے آغاز سے سٹے بازی میں ملوث ہیں۔ انکے قبضے سے 11 موبائل، لیپ ٹاپ، ٹی وی اورڈیجیٹل سیٹلائٹ رسیور برآمد ہواہے۔