ہر ورلڈ کپ کھلاڑی کا ڈرگ ٹسٹ ہوگا : فیفا

لوزین ، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا نے یہ پرجوش منصوبہ بنایا ہے کہ پہلی بار ہر اس کھلاڑی کا جو ورلڈ کپ میں حصہ لے، ڈرگ ٹسٹ کرایا جائے اور اس کے پاس ’بائیولوجیکل پاسپورٹ‘ رہے۔ فٹبال کی گورننگ باڈی چاہتی ہے کہ یہ پاسپورٹ جو پہلے ہی سائیکلنگ اور اتھلیٹکس میں استعمال ہوچکا ہے، کسی کھلاڑی کی سارے کیریئر کی روداد رکھتے ہوئے خون اور قارورہ کے ٹسٹ کی تفصیلات پیش کرے گا۔ مارچ سے فیفا ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیم انٹرنیشنل میچوں اور ٹیم ٹریننگ کیمپوں میں کسی کسی کے بلڈ اور یورین ٹسٹ انجام دیتی آرہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی کے ارجنٹینا اور فرانس کا گزشتہ ہفتے دورہ کیا گیا جہاں اُن کے کیمپس جاری تھے تاکہ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ کی تیاریاں کی جاسکیں۔ابھی تک کچھ بھی تشویشناک پہلو سامنے نہیں آیا ہے۔

ایشین گیمز فٹبال کیلئے ہندوستان کا 30 رکنی اسکواڈ
نئی دہلی ، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نیشنل کوچ ویم کوورمینس نے اِنسیہان ایشین گیمز کیلئے اپنے 30 رکنی اسکواڈ برائے ٹریننگ کیمپ کو نامزد کردیا ہے۔ یہ کیمپ بنگلور میں یکم جولائی کو شروع ہورہا ہے اور 20 جولائی تک جاری رہے گا۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن اس کیمپ کے اختتام کے بعد ٹیم کیلئے پریکٹس ٹور کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ سنیل چھیتری، روبن سنگھ اور فرانسیس فرنانڈیز تین سینئر کھلاڑی ہیں جنھیں اسکواڈ میں نامزد کیا گیا ہے۔ بقیہ اسکواڈ انڈر 23 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ 30 رکنی اسکواڈ میں چار گول کیپرس شامل ہیں۔