ہر مکان کے روبرو پودا لگانے کا مشورہ

سرپور ٹاؤن میں طلبہ کی ریالی، اسپیشل آفیسر گرام پنچایت کا خطاب
سرپور ٹاؤن۔/9 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر کمرم بھیم آصف آباد کی ہدایت پر اور حکومت کے احکامات کے مطابق آج سرپور ٹاؤن گرام پنچایت اسپیشل آفسیر بی پرساد اور ایم پی ڈی او جواہر اور گرلز اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم کے طلبہ کی جانب سے ریالی نکالی گئی۔ اس ریالی میں نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد، منڈل پریشد معاون رکن ایم اے عقیل، اردو گرلز اپرپرائمری اسکول ایس ایم سی چیرمین محمدعفت حسین، ای او گرام پنچایت گنگاسنگھ، ای او پی آر ڈی محترمہ سری سائی، مہیش، منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ستیہ نارائن اور اردو میڈیم اسکول اسٹاف عطاء الرحمن، عزیز خان اور عوام ، آنگن واڑی ٹیچرس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سرپور ٹاؤن کے مختلف علاقوں سے ریالی گذرتی ہوئی گرام پنچایت میں ریالی کااختتام عمل میں آیا، اور گرام سبھا کا انعقاد عمل میں آیا۔ ریالی میں اسکولوں کے بچوں نے شجرکاری سے متعلق نعرے لگائے اور ’’ پودوں کو لگاؤ جنگلوں کو بچاؤ ‘‘ نعرے اردو میڈیم طلبہ نے بلند کئے۔ بعد ازاں گرام پنچایت اسپیشل آفیسر بی پرساد نے کہا کہ ہر ایک مکان کے روبرو پودوں کو لگانے کا مشورہ دیا گیا تاکہ گاؤں اور محلوں میں اپنے بچوں کو خوشگوار ماحول مل سکے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کا عوام کو مشورہ دیا کیونکہ اپنے اطراف واکناف کے علاقوں میں صاف ستھرا ماحول رکھنے سے بیماریوں کی روک تھام ہوتی ہے۔ اس لئے مرکزی حکومت کی جانب سے سوچھ بھارت کے ذریعہ صاف صفائی کے کاموں کو انجام دینے کی ہدایت وصول ہوئی ہے۔