سوریا پیٹ میں جمعیتہ علماء اے پی کا اجلاس ،حافظ پیر شبیر احمد کا خطاب
سوریاپیٹ /10 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حافظ پیر خلیق احمد صابر کی اطلاع کے بموجب جمعیتہ علماء ہند آندھراپردیش کے ارکان منتظمہ کا ایک اہم اجلاس سلوی گارڈن فنکشن ہال میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس کی صدارت حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء اے پی و ایم ایل سی نے حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعتہ علماء اے پی نے تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور حسابات پیش کئے ۔ اس موقع پر ملت کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اراکین نے اپنی اپنی رائے پیش کی ۔ صدر جمعیتہ علماء اے پی حافظ پیر شبیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیتہ کے تحت کئی فلاحی رفاہی و سماجی خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قائدین و اراکین جمعیتہ اسی طرح جمعیتہ کے کاز کیلئے سرگرم رہیں گے ۔ مسئلہ تحفظات پر اراکین جمعیتہ و مسلمانوں میں موجود تجسس پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے کی طرح دونوں علاقوں میں مسلمانوں کو تحفظات ملنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا میں مسلمان صرف 6 فیصد ہوں یا پھر 50 فیصد انہیں برابر تحفظات ملنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیتہ تحفظات کے مقدمہ میں سپریم کورٹ میں حکومت کے ساتھ مل کر لڑ رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اگر ہٹ جائے تو اس سے کچھ فرق نہیں پڑے گا ۔ جمعیتہ تنہا یہ مقدمہ لڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیتہ اب ہر شعبہ میں تحفظات کے حصول کیلئے جدوجہد کرے گی ۔ صدر جمعیتہ نے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حالات کا جائزہ لے گی اور جاریہ ماہ کے ختم تک رپورٹ پیش کرے گی ۔ اپریل کے پہلے ہفتہ میں ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر یہ طئے کیا جائے گاکہ جمعیتہ انتخابات میں کس جماعت کی تائید کرے کسی کا ساتھ دے یا پھر اس مسئلہ پر خاموش رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیتہ کے دفتر ہر ضلع میں قائم کئے جائیں ۔ اس کیلئے ریاستی جمعیتہ تعاون بھی کرے گی ۔ اس موقع پر مولانا قاضی سمیع الدین قاسمی میدک مولانا عبدالقیوم مظاہری مولانا مفتی رحیم اللہ کڑپہ مولانا ایس سی نیلور مولانا ولی اللہ نظام آباد مولانا خالد امام محبوب نگر مولانا سعید المظفر اطہر سوریا پیٹ ، مولانا مفتی الیاس نرمل مولانا سید احسان الدین نلگنڈہ مولانا محمود علی کرشنا مولانا رفیع پرکاشم ، مولانا بشیر عادل آباد محمد الطاف ویسٹ گوداوری ، قاری عثمان گنٹور مفتی عبدالمغنی حیدرآباد ، مولانا مصطفی چتور ، قاضی عبدالماجد کرنول ، مولانا سلیم وشاکھاپٹنم تمام ضلعی صدور و سکریٹریز و اراکین منتظمہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔