ہر دن ’’یوم اچھی حکمرانی‘‘ ممتابنرجی کا ریمارک

کولکتہ ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نریندر مودی حکومت کے 25 ڈسمبر کو ’’یوم اچھی حکمرانی‘‘ کے طور پر منانے کے فیصلہ کو آج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر دن اچھی حکمرانی کا دن ہوتا ہے‘‘۔ بنرجی یہاں سینٹ زاویرس کالج میں کرسمس تقریب کے دوران مخاطب تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر کوئی کہتا ہیکہ بڑا دن (کرسمس) یوم اچھی حکمرانی ہے، میں اتفاق نہیں کرتی۔ ہر دن اچھی حکمرانی کا دن ہوتا ہے‘‘۔ جہاں عیسائی لوگ اپنا سب سے بڑا تہوار کرسمس 25 ڈسمبر کو مناتے ہیں، وہیں مودی حکومت نے اسے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کی مناسبت سے ’’یوم اچھی حکمرانی‘‘ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ایسا کرنا درست نہیں۔ جب میں عہدہ پر فائز ہوں تو میں مذہب، ذات پات یا نسل کی اساس پر امتیاز نہیں کرسکتی۔ ہمارا اتحاد ہماری طاقت ہے‘‘۔