ہریکا کی ورلڈ چیس چمپئن شپ کے کوارٹرز میں رسائی

سوچی ( روس ) ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گرانڈ ماسٹر ڈی ہریکا ہم وطن کونیرو ہمپی کے ساتھ ورلڈ ویمنس چیس چمپئن شپ کے کوارٹرفائنلس میں شامل ہوگئیں، جبکہ انھوں نے سابق چمپئن روس کی الیگزینڈرا کوستینیوک کو ریاپڈ ٹائی بریک بازیوں میں مات دی، جو آج اختتام پذیر ہوئیں۔ ہریکا نے فولادی اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی پسندیدہ کھلاڑی کو 1.5-0.5 سے شکست دی۔ ہریکا نے ریاپڈ چیس میں پہلی بازی الیگزینڈرا کی جانب سے ٹائی بریک پر مجبور کئے جانے پر جیتی اور پھر جوابی بازی میں اپنا روایتی انداز اختیار کرتے ہوئے اس چمپئن شپ کے آخری آٹھ والے مرحلے ( کوارٹرز ) میں رسائی حاصل کرلی۔ اب اگلے راؤنڈ میں ہریکا اقل ترین سیڈنگ کے ساتھ موجود جارجیا کی میری ارابیزے سے کھیلیں گی جبکہ ہمپی کا مقابلہ یوکرینی ماریا موزیچوک سے رہے گا۔ اس ایونٹ میں چمپئن کو 60,000 امریکی ڈالر حاصل ہوں گے۔