ہریش راؤ کارکردگی میں نمبر ون

۔30 محکمہ جات میں محکمہ آبپاشی سرفہرست، پراجکٹس کی مدت سے قبل تکمیل کا کارنامہ

حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ جس طرح اپنی خدمات کے سلسلہ میں عوام میں بے انتہا مقبول ہیں، اسی طرح ان کے تحت موجود محکمہ آبپاشی نے ریاست کے 30 اہم محکمہ جات میں کارکردگی کے اعتبار سے سرفہرست ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ہریش راؤ جو مشن کاکتیہ کے تحت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں، انہوں نے ریکارڈ مدت میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کو یقینی بنایا۔ ہریش راؤ نہ صرف اپنے حلقہ انتخاب بلکہ ریاست کے دیگر علاقوں میں اپنی سادگی و عوام سے قربت کے سبب ہر کسی کے دل میں جگہ بنا چکے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے ذریعہ انہوں نے کسانوں کے دلوں میں جگہ بنالی ہے۔ مشن کاکتیہ کے ذریعہ کئی ایسے علاقے جو کل تک خشک سالی سے متاثر تھے ، انہیں سیراب کرکے سر سبز و شاداب علاقوں میں تبدیل کردیا گیا۔ مشن کاکتیہ کے تحت ذخائر آب، تالابوں ، چھوٹے کنٹوں کا تحفظ کرکے انکے ذریعہ قریبی علاقوں کو سیراب کیا جارہا ہے ۔ اسٹیٹ پلاننگ ڈپارٹمنٹ نے 2016-17 ء میں مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس کے تحت حکومت کی جانب سے جاری فنڈس کے خرچ سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں ۔ ڈپارٹمنٹ نے 30 اہم محکمہ جات میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی کو سرفہرست رکھا ہے، جس نے مقررہ مدت میں نشانہ کی تکمیل کی ہے ۔ اسٹیٹ پلاننگ ڈپارٹمنٹ سروے کے مطابق جن دیگر محکمہ جات کی کارکردگی بہتر پائی گئی ان میں زراعت ، ریونیو ، جنگلات ، توانائی ، انڈسٹری اور دیہی ترقی محکمہ جات شامل ہیں۔ ہریش راؤ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا روزانہ جائزہ لیتے ہیں اور شخصی مشاہدہ کے ذریعہ کام کی رفتار کو تیز کرنے میں ان کا اہم رول ہے۔ پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل میں ان کی شخصی دلچسپی کے نتیجہ میں کھمم کا بھکتا رام داس پراجکٹ مقررہ مدت سے دو ماہ قبل مکمل کرلیا گیا ۔ کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ مقررہ مدت سے قبل پراجکٹ مکمل ہوجائیگا۔