دہرہ دون۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ہریش راوت نے آج اتراکھنڈ کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیا۔ وہ وجئے بہوگنا کے جانشین ہوں گے جنہیں کانگریس ہائی کمان نے اپریل ۔ مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو مستحکمکرنے سبکدوش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ گورنر عزیز قریشی نے 65 سالہ ہریش راوت کو 11 رکنی کابینہ کے ساتھ حلف دلایا جو تمام بہوگنا حکومت میں وزیر تھے، راج بھون میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ راوت مرکزی وزیر آبی وسائل تھے۔ ان کا تقرر ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب کانگریس اس ریاست میں اپنی امیج بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ گزشتہ سال کے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد راحت رسانی کے کاموں سے نمٹنے کے معاملے میں وجئے بہوگنا مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا نشانہ بنائے جارہے تھے اور ہائی کمان کی ہدایت پر انہوں نے جمعہ کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔