سدی پیٹ میں ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کا مشاورتی اجلاس، محمد فاروق حسین و دیگر کا خطاب
سدی پیٹ۔7 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجوزہ اسمبلی انتخابات کے تناظر میں حلقہ اسمبلی سدی پیٹ سے تلنگانہ راشٹرا پتی امیدوار و کارگزار ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش رائو کو زائدا ز ایک لاکھ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی غرض سے آج سدی پیٹ میں ٹی آر ایس سے وابستہ اقلیتی قائدین و کارکنوں کا ایک خصوصی اجلاس صدر ٹی آر ایس ٹائون مسٹر محمد منیر پٹیل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بحیثیت مہمان خصوصی رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، رکن ریاستی حج کمیٹی جناب محمد عبدالقادر نے شرکت کی جبکہ ڈائس پر جناب الحاج محمد غوث محی الدین زمیندار نواب سید محی الدین، وزیر خاں کونسلر موجود تھے۔اس اقلیتی مشاورتی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ محمد تبارک علی نے مقامی مسلمانوں کو منظم انداز میں مسٹر ٹی ہریش رائو کی اکثریت میں اضافے کے لیے بوتھ سطح پر خصوصی دلچسپی لے کر مسلمانوں کے حق رائے دہی کے استعمال کے تناسب میں اضافے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ جناب محمد عبدالقادر رکن ریاستی حج کمیٹی نے ریاستی وزیر ٹی ہریش رائو کو سکیولر قائد و ہردلعزیز سیاسی رہنما قرار دے کر اس بات کی توقع ظاہر کی کہ وہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد مقامی مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کو اپنی اولین ترجیح دیں گے۔ جناب محمد فاروق حسین رکن ریاستی قانون ساز کونسل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کو سیاسی میدان میں سرگرم رول ادا کرنے و سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے اپنے محلوں میں بلالحاظ مذہب و ملت و جنس کام کرنے و اپنے کردار کو بے داغ بنانے کا مشورہ دیا۔ نواب سید محی الدین سابقہ سرپنچ و سینئر اقلیتی ٹی آر ایس قائد نے سدی پیٹ شہر کے علاوہ ریاست تلنگانہ بھر میں اردو زبان کے فروغ اردو اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے لیے ریاستی وزیر ٹی ہریش رائو کے توسط سے وزیر اعلی کے سی آر سے نمائندگی کرنے تمام سرکاری دفاتر کے سائن بورڈز پر اردو زبان آویزاں کرنے کی ضرورت کو نمایاں طور پر پیش کرتے ہوئے اس ضمن میں ٹی آر ایس کے ریاستی قائدین کو فوری متوجہ ہونے پر زور دیا۔ مشاورتی اجلاس میں محمد کونسلر، محمد اطہر پٹیل نائب صدر بلدیہ، معز، مسعود، سعید محمد عبدالحمید صدر اقلیتی سل ٹی آر ایس و دیگر بھی موجود تھے۔