کوہیر۔/23جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ہریتا ہارم پروگرام حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں کافی زور وشورسے جاری ہے ۔ اس پروگرام کو برسراقتدار جماعت ٹی آر ایس قائدین کے علاوہ سرکاری عہدیدار اور دیگر سماجی قائدین کے علاوہ ائمہ و مؤذنین وغیرہ حصہ لیتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے ہریتا ہارم پروگرام کی ستائش کررہے ہیں۔ ہماری آنے والی نسلوں کے لئے یہ ایک بہترین تحفہ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ اسی طرح کوہیر منڈل میں موضع کویلی میں واقع ایک خانگی کمپنی راکول انڈیا لمیٹیڈ میں شجرکاری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں مسٹر بی بی پاٹل رکن پارلیمنٹ حلقہ ظہیرآباد، جناب محمد فرید الدین سابق ریاستی وزیر نے حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔ اس موقع پر بی بی پاٹل نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ہریتا ہارم پروگرام نے ملک بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے، ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی اس پروگرام کی ستائش کی جارہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کو ہرا بھرا بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اقدام کو نیک فعال بتایا۔ جناب محمد فرید الدین سابق ریاستی وزیر نے بتایا کہ صنعتوں میں فضائی آلودگی کے لئے شجر کاری نہایت ضروری ہے۔ شجرکاری نہ ہونے سے اطراف کے سارے علاقہ میں آلودگی پیدا ہوسکتی ہے۔ ہر کمپنی میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی دوراندیشی یہ ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں صاف ستھری فضاء میں زندگی گذاریں۔ آج کے اس ہریتا ہارم پروگرام کے تحت طوفانی دورہ کرتے ہوئے ظہیرآباد منڈل کے ہوتی ( بی ) اور ظہیرآباد آر ٹی اے آفس کے علاوہ جھرہ سنگم منڈل میں شجرکاری پروگرام عمل میں آیا۔ اس موقع پر کوہیر منڈل صدر نشین جے انیتا، محمد عمر احمد صدر ٹی آر ایس کوہیر منڈل، محمد کلیم الدین یوتھ لیڈرٹی آر ایس، موگلیا کویلی سرپنچ، محمد اسلم، سید رئیس الدین، محمد رفیق، گویند ریڈی ٹی آر ایس قائد کوہیر تحصیلدار بی گیتا، سرینواس ریڈی، ای او پی آر ڈی کے علاوہ راکول انڈیا لمیٹیڈ کمپنی کے ذمہ دار موجود تھے۔