کوبیر میں منڈل پرجا پریشد جنرل باڈی اجلاس سے شریمتی وناجہ کا خطاب
کوبیر (ضلع عادل آباد) /5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر کوبیر ایم پی ڈی او آفس کے میٹنگ ہال منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں اعلی عہدہ داروں اور اطراف و اکناف کے 20 گرام پنچایتوں سے آئے ہوئے عوامی نمائندے زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز اور سرپنچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کوبیر ایم پی ڈی او شریمتی وناجہ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائی جا رہی مہم ہریتا ہارم کو ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے تمام سرکاری محکمہ جات کی جانب سے کامیاب بنانے کی خواہش کی۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری عہدہ داروں، عوامی نمائندوں، اسکولی طلبہ و طالبات اور خواتین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ انھوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت کوبیر منڈل کے سرکاری محکمہ جات میں شجر کاری کے لئے ایک لاکھ پودوں کی افزائش محکمہ جنگلات کے ذریعہ کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ سڑکوں کی دونوں جانب لگانے کے علاوہ اسکولس، ہاسٹلس، پولیس اسٹیشنس، سرکاری دوا خانے، تحصیل آفس اور دیگر سرکاری محکمہ جات میں لگانے کے لئے محکمہ جنگلات میں پودے دستیاب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شجر کاری کے ذریعہ نہ صرف ریاست، ضلع اور منڈل، بلکہ پورا ہندوستان ہرا بھرا ہو جائے گا۔ عوامی شکایات کے پیش نظر کوبیر تحصیلدار چندر پرکاش ورما نے راشن کارڈس کی تنقیح کرتے ہوئے بوگس راشن کارڈس کو منسوخ کردیا۔ انھوں نے بتایا کہ کوبیر منڈل میں جملہ 13,365 راشن کارڈ ہولڈرس ہیں۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر کسی طرح کی مشکلات پیش آئیں تو تحصیل آفس سے رجوع ہوں۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے جے ای رمیش نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے تحت کوبیر منڈل کے 6 تالابوں کے مرمتی، تعمیراتی اور مٹی کی نکاسی کے کام کو 90 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد از جلد گتہ داروں کو فنڈس جاری ہونے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر محکمہ ایگریکلچر، محکمہ حیوانات، محکمہ ہیلتھ، محکمہ جنگلات اور محکمہ ٹرانسکو کے عہدہ داروں نے بھی خطاب کیا۔