مہادیوپور۔/23جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موضع مہاد یو پور میں ہریتا ہارم پروگرام کے دوسرے مرحلے میں موضع میں بروز ہفتہ کو سائرن کی آواز گونجنے پر 20ہزار پودے لگائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی حکومت کے ہریتا ہارم کے دوسرے مرحلہ کے پروگرام میں آج موضع مہادیوپور میں محکمہ پولیس کی جانب سے موضع کے 14 وارڈوں میں فی گھر پر پانچ پودوں کو لگانے کا اہتما م کیا۔ اس کے علاوہ موضع کے اہم راستوں، سرکاری اور خانگی اسکولوں میں پودے لگائے گئے، ٹھیک گیارہ بجے ورنگل رینج ڈی آئی جی پربھاکر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سائرن کی آواز پر موضع کے تمام وارڈوں میں 20ہزار پودے لگائے گئے ۔ بعد ازاں ہریتا ہارم پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پربھاکر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ورنگل رینج پولیس کی جانب سے لگائے گئے پودوں کو کچھ حد تک دیکھ بھال کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن دوسرے مرحلے میں ورنگل رینج کے چار اضلاع میں چالیس لاکھ پودے لگائے گئے ۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ اس طرح سائرن کی آواز پر 20ہزار پودے لگانے کے پروگرام کا اہتمام کرنے پر سرکل انسپکٹر کی ستائش کی ہے۔ ڈی آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ لگائے ہوئے پودوں کی حفاظت کرنا اہم ذمہ داری ہے۔ اس پروگرام میں ڈی ایف او روی کرناے ایس بی زیڈ پی ٹی سی ، اکبر خاں، موہن ریڈی، سرپنچ راجا بابو، ایم ای او رجیا، کوآپشن ممبر ڈاکٹر ایوب الدین، موضع کے ایم پی ٹی سی اور وارڈ ممبر لکشمی کے علاوہ محکمہ پولیس کے سرکل انسپکٹر سدن کمار، مہادیو پور ایس آئی کرشنا ریڈی، رمیش کے علاوہ نرسنگ ایس آئی چندر شیکھر موضع کے تمام سرکاری اور خانگی مدارس کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔