ہریتا ہارم اسکیم کے تحت شجر کاری کیلئے منصوبہ

کریم نگر۔یکم اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں ہریتا ہارم کے تحت شجر کاری کے منصوبہ کو تشکیل دیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے چہارشنبہ کو کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں ضلعی عہدیداران کے ساتھ ہریتا ہارم پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداران اپنے دفتر کے احاطہ میں اور دیگر علاقوں میں کتنے پودوں کی شجر کاری کریں گے اور منصوبوں کی تشکیل دے کر 3اپریل تک ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ ضلع میں حلقہ اسمبلی واری 40لاکھ فی اسمبلی حلقہ کے حساب سے آنے والے موسم برسات میں شجرکاری کرنا ہوگا۔ ہر شعبہ میں اپنے اپنے محکمہ جات میں خالی علاقوں کی نشاندہی کریں۔ اصول کے مطابق رقبہ کے لحاظ سے 33 فیصد جنگلات ہونا چاہیئے۔ محکمہ پنچایت راج ، عمارات شوارع کے زیر اہتمام سڑکوں کے دونوں جانب جو زراعت کے قابل نہ ہو اراضی کی نشاندہی کریں۔ اصول کے مطابق ضلع میں جنگلات صرف 24فیصد ہیں مزید 9فیصد جنگلات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ 1,06,000 ہیکٹرس میں پودوں کی افزائش کی ضرورت ہے۔ شجر کاری کے منصوبوں کو محکمہ بی سی ویلفیر، محکمہ سوشیل ویلفیر ، محکمہ ہاؤزنگ، میڈیکل اینڈ ہیلت، محکمہ تعلیمات، ضلع پنچایت اپنے محکمہ جات کے منصوبوں کو ارسال کیا ہے۔ ماباقی محکمہ جات کو بھی منصوبہ تشکیل دے کر فوری ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔ اس پروگرام میں ڈی ایف او ( ویسٹ ) نرسیا، ڈی ایف او ( ایسٹ ) رمیش، سوشیل فارسٹ ڈی ایف او وینکٹیشورلو، سی ای او ضلع پریشد سورج کمار، پی ڈی ہاؤزنگ نرسنگا راؤ، جے ڈی اگریکلچر چھترو نائیک و دیگر نے شرکت کی۔