ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر پر سیاہی پھینکی گئی ۔

حصار : ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر پر ایک روڈ شو کے دوران سیاہی پھینکی گئی ۔اس حرکت سے ریاست کے سب سے اہم سیاسی لیڈر کے تحفظ پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔کھٹر ایک روڈ شو میں شرکت کرنے کے لئے یہاں آئے تھے ۔

وزیر اعلی کے ساتھ تعینات سکیوریٹی عملہ نے سیاہی پھینکنے والے شخص کو دبوچ لیا ۔خوش قسمتی سے کھٹر پر زیادہ سیاہی نہیں گری ۔انہوں نے اپنے جیب سے رومال نکالا اور صاف کرنے لگے ۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب وہ روڈ شو شروع کرنے سے قبل یہاں مندر میں پوجا میں درشن کرنے آئے تھے ۔

سیاہی پھنکنے والے کا نام پروین بتایا گیا ۔ وہ آدم پور گاؤں کا متوطن بتایا گیا ہے ۔اور انڈین نیشنل لوک دل کا کارکن تھا ۔مگر لوک دل کے ترجمان نے ان کا رکن ہونے سے انکار کردیا ہے ۔اس واقعہ سے پولیس اور سکیوریٹی اسٹاف پریشان ہوگیا ہے ۔

پولیس او رانتظامیہ دو دنوں سے سکیوریٹی انتظام میں لگی ہوئی تھی ۔پروین پولیس کی حراست میں ہے اورپوچھ تاچھ جاری ہے ۔