ہریانہ کابینہ میں توسیع

چندی گڑھ ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر ہریانہ کے عہدہ پر فائز ہونے کے 9 ماہ بعد منوہر لال کھتر نے آج پہلی مرتبہ 3 وزراء کو شامل کرتے ہوئے کابینہ میں توسیع کی ہے ۔ جس کے ساتھ وزراء کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے ۔ گورنر ہریانہ کپتان سنگھ سولنکی نے راج بھون میں 3 نئے وزراء کرشنا لال پنوار ( کابینی درجہ ) ، گھنشام صراف ( مملکتی وزیر آزادانہ چارج ) نیاب سائنی ( مملکتی وزیر ) کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر منوہر لال کھتر اور ریاستی بی جے پی انچارج اینل جین بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے گذشتہ سال اکٹوبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دی ہے جب کہ زعفرانی پارٹی نے کانگریس سے اقتدار چھین لیا تھا ۔۔

 

سابق ڈپٹی چیف منسٹر ہریانہ کو
راجیہ سبھا میں خراج عقیدت
نئی دہلی ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راجیہ سبھا نے آج ایک سابق رکن اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر ہریانہ چاند رام کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی صدرنشین حامد انصاری نے مطلع کیا کہ 15 جولائی کو چاند رام کا بعمر 92 سال انتقال ہوگیا ۔ اور بتایا کہ وہ ایک ماہر زراعت و معاشیات اورجرنلسٹ تھے اور سماجی اصلاحات کے لیے انتھک جدوجہد کی تھی ۔ چاند رام نے ہریانہ سے راجیہ سبھا میں مارچ 1983 تا اپریل 1984 نمائندگی کی تھی ۔۔