ہریانہ جن ہیت کانگریس کے بی جے پی سے تعلقات منقطع

چندی گڑھ ؍ نئی دہلی ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کلدیپ بشنوئی زیرقیادت ہریانہ جن ہیت کانگریس (ایچ جے سی ۔ بی ایل ) نے ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل آج بی جے پی کے ساتھ اپنے روابط منقطع کرلینے کا فیصلہ کیا ، جس کے ساتھ دونوں پارٹیوں کے درمیان طویل کشاکش کا اختتام ہوگیاجبکہ یہ دونوں جماعتیں تین سال سے اتحاد میں تھیں۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد توڑدینے کے فیصلے کا یہاں اعلان کرتے ہوئے ایچ جے سی سربراہ کلدیپ بشنوئی نے کہا کہ زعفرانی جماعت نے اُن کی پارٹی سے دغا کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی سابق کانگریس لیڈر ونود شرما کی جن چیتنا پارٹی کے ساتھ ریاستی چناؤ سے قبل اتحاد کرے گی ۔ دریں اثناء اکٹوبر میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی نے تنہا مقابلے کا اعلان کیا ۔ پارٹی ترجمان شاہنواز حسین نے بشنوئی کو چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا کی بی ٹیم کے طورپر عمل کرنے کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بشنوئی نے مضحکہ خیز فیصلہ کیا ہے اور ہریانہ کے عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔