ہرہرمودی، گھرگھر مودی، مہم کے خلاف مقدمہ

لکھنؤ ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے نعرے ’’ہرہر مودی، گھر گھر مودی‘‘ کا معاملہ آج وارانسی کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں پہنچ گیا جہاں وارانسی کے ایک وکیل منوج چوبے ایڈوکیٹ نے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی، یو پی میں بی جے پی کے امور کے انچارج امیت شاہ اور وارانسی کے میئر رام گوپال موہلے کو فریق بناتے ہوئے ایک استغاثہ دائر کیا ہے۔ اس استغاثہ کو عدالت نے رجسٹرڈ کرلیا ہے اور اس پر سماعت 3 اپریل کو ہوگی۔ درخواست گذار نے عدالت سے کہا ہیکہ ’’ہر ہر مودی‘‘ کے نعرہ سے ایک فرقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے اس لئے اس نعرے پر فی الفور روک لگائے۔

درخواست گذار کے بموجب ہر ہر مہادیو ہندوؤں کا ایک مذہبی نعرہ ہے اور بی جے پی اس نعرہ کا بیج استعمال کرکے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو کیش کرانے میں لگی ہوئی ہے۔ دوسری طرف آج وارانسی میں سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے بی جے پی کے ’’ہر ہر مودی ، گھر گھر مودی‘‘ لکھے ہوئے متعدد پوسٹروں پر کالک پوت دی اور جگہ جگہ پوسٹرس پھاڑ دیئے۔