حیدرآباد ۔ 3 ؍ جنوری ( سیاست نیوز) گچی باولی پولیس نے آج تلنگانہ اسپورٹس اتھاریٹی کے فائرنگ رینج میں اچانک دھاوا کرتے ہوئے ہرن کے شکار میں ملوث تین افراد کو بشمول رینج کے نگرانکار کو گرفتار کرلیا ۔ سب انسپکٹر گچی پولیس اسٹیشن مسٹر ٹی بھوپتی نے بتایا کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں واقع فائرنگ رینج میں ہرن کا شکار کئے جانے کی اطلاع پر اچانک کارروائی کی گئی اور رینج کے سیکوریٹی گارڈز کے کمرے سے شکار کئے گئے ہرن کے گوشت ‘ چرم اور دیگر اعضاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے فائرنگ رینج کے کیرٹیکر مسٹر گووند راؤ اور دیگر دو سیکوریٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا اور انہیں تحقیقات کے سلسلہ میں پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ پولیس نے تحقیقات میں یہ پتہ لگایا کہ گووند راو کی مبینہ مدد سے احاطہ فائرنگ رینج میں ہرن کا شکار کیا گیا اور بعدازاں گوشت تقسیم کرنے کے لئے ہرن کے اعضاء الگ کر دیئے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے فائرنگ رینج کے نگرانکار اور دو سیکوریٹی گارڈز کے خلاف ارمس ایکٹ اور وائیلڈ لائیف ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ہرن کے گوشت ‘ چرم اور دیگر اعضاء کو بغرض پوسٹ مارٹم فارنسک لیباریٹری منتقل کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس واقعہ کی اطلاع دی ہے چونکہ ہرن اور دیگر جنگلی جانوروں کے شکار پر امتناع ہے اور اس ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔