چمڑا، گوشت اور ہتھیار ضبط،ضلع ایس پی سرسلہ کا انکشاف
گمبھی راؤ پیٹ۔/25جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہرن کا شکار کرنے والے تین افراد کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے یہاں سے ہرن کی کھال (چمڑا ) گوشت اور اس کے شکار میں استعمال ہونے والے تیز دھار والی اشیاء کو ضبط کرلیا گیا۔ ضلع ایس پی سرسلہ بی کے راہول ہیگڈے نے ان ملزمین جن میں رایلا چندرا مولی، جلا شری کانت اور شراوینی ہریش شامل ہیں کو اخباری نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان تینوں ملزمین میں جن کا تعلق موضع گجانگاورم منڈل گمبھی راؤ پیٹ سے ہے گجانگاورم کے گھنے جنگل میں ہرن کا شکار کرتے ہوئے اس کا چمڑا ، کھال نکالی اور گوشت کے چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کیا۔ جس کی اطلاع خفیہ طور پر پولیس کو ملی۔ ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے موضع گجاسنگاورم پہنچ کر کامیاب سراغ لگاتے ہوئے ان شکار کرنے والے تین ملزمین کو ہرن کی کھال، گوشت، اور ہتھیار سمیت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی راہول ہیڈگے نے بتایا کہ جن جانوروں کا شکار کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے اگر کوئی ان جانوروں کا شکار کرتا ہے تو انہیں قانونی شکنجے میں دبوچ لیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی نے کہا کہ ہرن اور مور جیسے جانوروں اور پرندوں کے شکار پر پابندی لگائی گئی ہے۔