ہرمن پریت ڈی ایس پی سے کانسٹبل بن گئیں

جالندھر۔11جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو بی اے کی ڈگری جعلی ہونے کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے اعلیٰ عہدے سے ہٹا کر کانسٹبل بنا دیا گیا۔ہندوستانی کپتان ریلوے کی ملازم تھیں تاہم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پر پنجاب کی حکومت نے انہیں پولیس میں منتقل کرکے اسپورٹس کوٹے پریکم مارچ کو ڈی ایس پی کا عہدہ دیا تھا۔محکمانہ کارروائی کے تحت ان کی ڈگری تصدیق کیلئے یونیورسٹی بھیجی گئی تو انکشاف ہوا کہ ہرمن پریت کور اس یونیورسٹی کی طالبہ نہیں رہیں اور ان کی ڈگری جعلی ہے۔یونیورسٹی کے متعلقہ شعبے کے سربراہ پروفیسر نے کہا کہ جالندھر پولیس نے اپریل میں ان سے ہرمن پریت کی بی اے کی ڈگری کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا تھا جس پر تحقیق میں ان کے یونیورسٹی انرولمنٹ کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔ اس انکشاف کے بعد محکمانہ کارروائی کی تکمیل کرکے خاتون کپتان کی کانسٹبل کے عہدے پر تنزلی کر دی گئی۔گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران میڈیا اس معاملے پر خاتون کپتان کا ردعمل معلوم کرنا چاہا تو انہوں نے کسی سوال کا جواب نہیں دیا ۔