ہرمن پریت ورلڈکپ کیلئے ہندوستانی کپتان

نئی دہلی۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ا سٹار کھلاڑی ہرمن پریت کور کو نومبر میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے جبکہ سمرتی مدھانا کو نائب کپتان منتخب کیا گیا ہے ۔بی سی سی آئی نے آج ٹیم کا اعلان کیا۔ آل انڈیا ویمین سلیکشن کمیٹی نے 9 تا24 نومبر تک ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے خواتین ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔خاتون ورلڈ کپ کے چھٹے ایڈیشن میں ہندستانی ٹیم کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے جس میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور آئرلینڈ دوسری ٹیمیں ہیں۔ جملہ10 ٹیمیں ٹورنمنٹ میں خطاب کے لیے اتریں گی۔ عالمی کپ کا آغاز گیانا میں ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 9 نومبر کو ہوگا جس میں ہندستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے ۔ ہندستانی ٹیم کا دوسرا میچ11 نومبر کو پاکستان سے اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 15 نومبر کو ہندستانی ٹیم آئر لینڈ سے ، 17 نومبر کو آسٹریلیا سے نبرد آزما ہوگی۔ہندستانی ٹیم اس طرح ہے :ہرمن پریت کور (کپتان)، سمرتی مدھانا (نائب کپتان)، متالی راج، جمیمہ روڈرگز، ویدا کرشنامورتی، دیپتی شرما، تانیا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، پونم یادو، رادھا یادو، انوجا پاٹل، ایکتا بشٹ، ڈی ھیم لتا، مانسی جوشی، پوجا وسترکر، ارندھت ریڈی۔
بارسلونا،میڈرڈاور لیورپول کوحیران کن شکست
لندن۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیائے فٹبال کے 3 معروف کلب کیلئے نئے سیزن کا آغاز زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا اور موجودہ چمپیئنز لیگ چمپیئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ، رنر اپ لیور پول اور سابق چیمپیئن بارسلونا کی ٹیمیں اپنی لیگ میں شکست سے دوچار ہوئیں۔ لیور پول انگلش لیگ کپ سب سے کامیاب کلب ہے لیکن اس مرتبہ اسے چیلسی نے پہلے ہی میچ میں شکست دے کر لیگ سے باہر کردیا ہے۔ یہ سیزن میں لیور پول کی پہلی شکست بھی ہے اور اسے 1۔2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈینیئل اسٹرج نے لیور پول کو برتری دلا دی تھی لیکن اس کے بعد اس کی جانب سے مزید کوئی گول نہ ہوسکا جبکہ چیلسی نے دوسرے ہاف کے دوران یکے بعد دیگرے 2گول کرکے مقابلہ جیت لیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول متبادل کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ کے حصے میں آیا۔دوسری جانب اسپینش لیگ کے دوران رئیل میڈرڈ کو غیر متوقع طور پر سیویلا کے خلاف 0-3کی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔ رئیل میڈرڈ نے گزشتہ سیزن میں مسلسل تیسری مرتبہ یورپ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ چمپیئنز لیگ جیتا تھا جبکہ اس کے کروشیائی کھلاڑی لوکا موڈرچ نے حال ہی میں سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز بھی جیتا۔ اس میچ میں موڈرچ کا ایک گول ریفری نے تسلیم نہیں جبکہ اسے کارڈ بھی دکھایا گیا اور پھر باہر بٹھا دیا گیا۔ پہلے ہاف میں آندرے سلوا اور وسام بن حیدر نے ایک ایک گول کیا جبکہ تیسرا گول دوسرے ہاف میں ہوا۔لیگ کے ایک اور میچ میں چمپیئن ٹیم بارسلونا کو بھی حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر معروف کلب لیگانس نے اسے1-2 سے ہرایا۔ برازیلی کھلاڑی فلپے کوٹنہو نے بارسلونا کو برتری دلائی تھی لیکن اسے برقرار نہ رکھا جاسکا۔ رئیل میڈرڈ سے لئے گئے کھلاڑی آسکر روڈرگز نے میچ برابر کیا لیور پول کے سابق کھلاڑی نبیل الزاہر نے فیصلہ کن گول کیا۔