ایشانت کی ایک اور پانچ وکٹ کی کارکردگی ۔ تیسرے ٹسٹ میں خراب موسم سے بدستور خلل
روزیو (ڈومینیکا)، 8 جولائی (پی ٹی آئی) ہربھجن سنگھ نے اپنی 400 ویں ٹسٹ وکٹ حاصل کرلی جبکہ ایشانت شرما نے پانچ وکٹ کی کارکردگی درج کرائی جس کی مدد سے ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے و آخری میچ میں یہاں دوسرے روز 204 پر آل آؤٹ کردیا جس کے بعد بارش اور ناکافی روشنی نے دورہ کنندگان کی جوابی اننگز کو روک دیا۔ کل اسٹمپس پر ہندوستان کا اسکور 8/0 رہا جس میں ابھینو مکند اور مرلی وجئے ترتیب وار 6 اور 1 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ہندوستان پہلی اننگز میں 196 رنز پیچھے ہے جبکہ تمام 10 وکٹیں باقی ہیں۔ دوسرے روز صرف 49.2 اوورس پھینکے جاسکے، اس طرح گزشتہ دو دنوں میں جملہ 97 اوورس کا نقصان ہوا ہے۔ مابعد چائے سیشن میں تیز بوندا باندی سے کھیل میں خلل پڑنے کے باوجود اگرچہ میچ آفیشلز پُرامید دکھائی دیئے لیکن امپائروں نے محسوس کیا کہ روشنی کھیل کا احیاء کرنے کیلئے کافی نہیں ہے۔ خراب موسم سے ہٹ کر ونڈسر پارک میں دستیاب سہولیات کو فرسودہ قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ کوورس سے پانی کو نکالنے کیلئے چھوٹی گاڑیوں کو استعمال کیا گیا۔ ڈرینج کا انتظام کافی اچھا ہے لیکن عملاً اس کا بہت کم فائدہ ہوا کیونکہ کوور شیٹس سے پانی نکالنے کیلئے کافی وقت لگا۔ قبل ازیں ہربھجن 400 وکٹ کے سنگ میل تک پہنچنے والے تیسرے ہندوستانی اور مجموعی طور پر 11 ویں بولر بن گئے، جبکہ ایشانت نے وہیں سے احیاء کیا جہاں انھوں نے پہلے دن اختتام کیا تھا، اس طرح یہ جوڑی نے ویسٹ انڈیز کے بکھراؤ میں نمایاں رول ادا کیا۔ میزبانوں کی طرف سے وکٹ کیپر ۔ بیٹسمن کارلٹن با (60) اور ڈارن براوو (50) نے ہاف سنچریاں اسکور کئے جبکہ مارلن سامیلس (9) اور کپتان ڈارن سامی (20) زیادہ رنز نہیں بنا پائے۔ کارلٹن نے بارباڈوس ٹسٹ کے اپنے فام کو جاری رکھتے ہوئے کافی عمدہ اننگز کھیلی۔ انھوں نے 79 گیندوں میں 6 چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ویسٹ انڈین اننگز کو مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ تاہم بالآخر وہ بولڈ ہو کر ہربھجن کا 400 واں شکار بنے۔ قبل ازیں سامی کو بھی ہربھجن نے آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈین اننگز کے اختتام کے ساتھ دوبارہ ہلکی بوندا باندی نے میدان پر کوورس ڈال دیئے، اور عاجلانہ طور پر چائے کا وقفہ لے لیا گیا۔ ویسٹ انڈیز والے اپنی اننگز کو سدھارنے کی کوششوں میں مصروف تھے کہ ہربھجن نے تیزی سے دو وکٹیں لئے۔ اگرچہ ہربھجن (2/26) نے سنگ میل حاصل کیا، لیکن اصل تباہ کن بولر پھر ایک بار ایشانت رہے، جنھوں نے فاسٹ بولنگ کے ایک اور پُرجوش مظاہرے میں 5/77 کے اعداد و شمار درج کرائے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنے آخری چار وکٹیں صرف 5 رنز کے عوض کھو دیئے۔ صبح میں بارش اور گیلے میدان کے سبب کھیل کے تاخیر سے احیاء پر مناف پٹیل (1/48) نے شیونرائن چندرپال (23) کی اہم وکٹ حاصل کی، جنھیں وکٹ کیپر ۔ کپتان ایم ایس دھونی نے کیچ کیا۔ پراوین کمار نے 2/22 کی بولنگ کی۔
انگلینڈ ٹور کیلئے فٹ ہوں : سہواگ
ممبئی ۔ 8 جولائی ۔ ( ایجنسیز) انڈین اوپنر ویریندر سہواگ نے ایسی میڈیا رپورٹس کی تردید کردی جس میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ انھیں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں آرام دیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ بالکلیہ فٹ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انھیں آنے والے ٹور کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ انھوں نے اوائل جون میں کندھے کا آپریشن کرایا تھا اس لئے ایسی توقع کی جارہی ہے کہ وہ 21 جولائی کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے بعد ہی ٹیم میں شامل ہوسکیں گے ۔ تاہم سہواگ نے ایسی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔