ہربھجن نے ہیر کیخلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی

نئی دہلی ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے آسٹریلیا کے متنازعہ سابق امپائر ڈیرل ہیر کے خلاف سخت گیر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب آسٹریلیائی سابق امپائر ان کی ساکھ متاثر کرنے کی ضمن میں مزید کوئی بیان دیا تو وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ ڈیرل ہیر نے اپنے حالیہ بیان میں ہربھجن سنگھ کو مشکوک بولنگ کرنے والے بولروں کیلئے رول ماڈل قرار دیا تھا جس پر بربھجن سنگھ کافی برہم ہیں۔ اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ میرے پاس ڈیرل ہیر کی فضول باتوں کیلئے وقت نہیں ہے۔ نیز کیا ہیر آئی سی سی سی زیادہ بڑے ہیں۔ سابق امپائر نے اب اگر میری ساکھ یا بین الاقوامی سطح پر میرے کارناموں کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے تو میں بی سی سی آئی کو مطلع کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ ڈیرل ہیر نے آسٹریلیائی روزنامہ کو دیئے گئے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ انہوں نے 90 کے اواخر ہی مشکوک بولنگ ڈالنے والے بولروں کی نشاندہی کی تھی جس میں ہربھجن سنگھ، ثقلین مشتاق اور مرلی دھرن شامل تھے۔