حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) چار بہووں میں سے ایک کی ساس سے قربت اس غریب بہو کی موت کا سبب بن گئی ۔ جہاں تینوں دیورانیوں کی مبینہ ہراسانی اور طعنہ زنی سے تنگ ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ یہ افسوناک واقعہ سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آیا جہاں 36 سالہ رمیا نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لے لی تاہم پولیس نے اس کی موت پر مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرلیا جو رمیا کی اچانک موت پر شبہات میں اضافہ کا موجب بن گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق رمیا جو چنتل بلارم علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیوی تھی ۔اس خاتون نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا ۔ رمیا کو اس کی تینوں دیورانیوں تلسی ‘سری لتا اور شلپا کی جانب سے مبینہ ہراسانی کا سامنا تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سرینواس کی مالی حالت درست نہیں تھی اور اس کی ماں اس کے گھریلو اخراجات میں اپنے بیٹے کی مدد کرتی تھی اس بات کا علم ہونے کے بعد تینوں دیورانیوں نے اپنی جیٹھانی رمیا کے ساتھ ہراسانی شروع کردی اور طرح طرح سے اسے پریشان کرنے لگیں جس کے بعد اس کی موت کا واقعہ پیش آیا ۔ بلارم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔