ہراسانی کا شکار خاتون کی خودکشی

حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانیوں سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ میرپیٹ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 29 سالہ گاجولہ پلوی نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پلوی نے کل 26 نومبر کے دن زہریلی دوا کا استعمال کرلیا تھا جو علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔پلوی بوڈاپل علاقہ کے ساکن جی ایم این وی پرساد کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کی شادی 23 نومبر سال 2011 میں ہوئی تھی اور شادی کے وقت اس خاتون کو 20 تولہ طلائی زیورات اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم دی گئی تھی ۔ پرساد نے حالیہ دنوں مکان تعمیر کیا تھا اور اپنے سسرال سے قرض لیا تھا ۔ انہیں دو سال کا لڑکا بھی ہے ۔ پلوی کا رنگ کالا تھا ۔ اس بات پر اکثر اسے ہراساں اور اس کی دلشکنی کی جاتی تھی اور جب اس خاتون کو لڑکا تولد ہوا تو وہ جسمانی طور پر معذور تھا ۔ اس خاتون کو گذشتہ چند دنوں سے مزید جہیز کیلئے ہراساں کیا جارہا تھا ۔ رنگ اور بچہ کی معذوری سے اذیت رسانی کا شکار اس خاتون کو زائد جہیز کیلئے بھی پریشان کیا جانے لگا تھا ۔جس سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا اور نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس میڑپلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔