نئی دہلی ۔17جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہاکی انڈیا کی جانب سے آئندہ ماہ ایک ویب سائیٹ متعارف کیا جارہا ہے جس کا اصل مقصد ملک میں کھلاڑیوں اور مختلف کوچس کے درمیان رابطے اور تبادلہ خیال کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مذکورہ ویب سائیٹ تین مرحلوں میں متعارف کیا جائے گا جیسا کہ آئندہ ماہ اس ویب سائیٹ کا بنیادی اور ابتدائی مرحلہ منظر پر آجائے گا جس کے بعد اکٹوبر میں درمیانی اور ڈسمبر میں یہ مکمل طور پر دستیاب رہے گا ۔ ویب سائیٹ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ( ایف آئی ایچ ) کے ہاکی اکیڈیمی کے پورٹل اور دیگر اہم مراکز سے مربوط رہے گا تاکہ کھلاڑیوں اورکوچس کو بنیادی سطح پر ترقی کے مواقع فراہم کئے جاسکیں‘ جس سے مظاہروں میں بھی بہتری آسکے ۔خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے الٹامنس نے کہا کہ اس ویب سائٹ کا مقصد ملک میں نوجوان کھلاڑیوں کو راست ارباب مجاز سے تبادلہ خیال اور رابطہ کا موقع فراہم کرتے ہوئے انہیں ہاکی اور اس کی حکمت عملی ‘ تکنیک ‘ جسمانی اور ذہنی تیاری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔