نئی دہلی۔11ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم ایشین گیمس میں گولڈ میڈل کے 16برس کے طویل عرصہ کو ختم کرنے کی خواہاں ہے اور اس ضمن میں قومی ہاکی ٹیم کے کوچ ٹیری واش کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم میں بہت سے ایسے کھلاڑی موجود ہیں جن کی خود اعتمادی کمال کی ہے اور وہ جنوبی کوریا میں منعقد شدنی ایشین گیمس میں بہتر مظاہرہ کیلئے کافی پُرعزم ہیں۔ ٹیری نے مزید کہا کہ گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس کے برعکس اس مرتبہ سردار سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہیں کہ وہ 2010ء ایشین گیمز میں حاصل کردہ برونز میڈل کی کامیابی کو گولڈ میڈل کی کامیابی میںتبدیل کرے ۔ جنوبی کوریا میں ایشین گیمس کا آغاز 19ستمبر کو ہورہا ہے اور یہ مقابلے 4اکٹوبر تک جاری رہیں گے ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی یہاں جنوبی کوریا روانگی کے موقع پر ٹیم کے کوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ اس کے بیشتر کھلاڑی خوداعتماد ہیں اور پُرعزم ہونے کے علاوہ وہ گولڈ میڈل حاصل کرنے کیلئے پُرجوش بھی ہیں نیز انہیں شکست کا خوف نہیں ہے ۔ کوچ کا کہنا ہے کہ بہتر مظاہروں کیلئے پُراعتماد ہونا کلید ثابت ہوتا ہے ۔کوچ کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمس میں کھلاڑیوں کا اعتماد اتنا بلند نہیں تھا اور وہ گولڈ میڈل کے حصول کیلئے بھی پُرامید نہیں تھے ۔ ٹیری کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستانی ٹیم اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرے تو وہ ٹورنمنٹ کی کسی بھی ٹیم کوبہ آسانی شکست دے سکتی ہے ۔