نئی دہلی۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں منعقد شدنی ایشین گیمس کیلئے ہندوستانی ہاکی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہی 16رکنی ٹیم کو برقرار رکھا گیاہے جس نے گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی ۔ 17ویں ایشین گیمس کا 19ستمبر تا 4اکٹوبر جنوبی کوریا میں انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ جس کیلئے معلنہ 16رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کی قیادت میڈفیلڈر سردارسنگھ کررہے ہیں جب کہ ٹیم میں پی آر سری جیش واحد گول کیپر ہیں ۔ میڈفیلڈ میں کپتان سردارسنگھ کے تعاون کیلئے دانش مجتبیٰ ‘ دھرم ویرسنگھ‘ چنگ لینسنا سنگھ اور نکن تمیا موجود ہیں ۔ گذشتہ ایشین گیمس میں ہندوستانی ٹیم کو برونز میڈل حاصل ہوا تھا
اور اس مرتبہ قومی ہاکی ٹیم اپنا پہلا مقام 21ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 23ستمبر کو عمان اس کی حریف ٹیم ہوگی جب کہ 25ستمبر کو کٹر حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جارہی ہے ۔ جب کہ 27ستمبر کو ہندوستانی ٹیم گروپ مرحلے کا آخری مقابلہ چین کے خلاف کھیلے گی ۔دریں اثناء ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل نریندر بترا نے آج کہا ہے کہ شائقین کو ہندوستانی ٹیم سے میڈل کے حصول کی امید نہیں رکھنی چاہیئے کیونکہ حکومت کی جانب سے قومی کھیل کے ساتھ جوسلوک موجود ہے اُس کی بناء پر کھلاڑیوں سے بہتر مظاہرہ کی امید نہیں کی جاسکتی ہے ۔ بترا نے مزید کہا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران حکومت نے ہاکی کے ساتھ جس طرح کا رویہ اختیار کررکھا ہے اس کے تناظر میں مرد اور خاتون ہاکی ٹیم سے میڈل کی امید بے فیض ہے۔