ہاکی ورلڈ کپ کے فاتح قومی کھلاڑیوں کو تہنیت

نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے لئے ہاکی ورلڈ کپ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی خدمات کی قدر کرتے ہوئے ہاکی انڈیا نے فیصلہ کیا ہے کہ 1975ء میں ہندوستان کو ورلڈ کپ دلوانے والے کھلاڑیوں کی 14 مئی کو کوالالمپور میں ایک تہنیتی تقریب منعقد ہوگی۔ سابق میں ہندوستان کو عالمی چمپین بنانے والے کھلاڑیوں کو تہنیت دیئے جانے کے علاوہ اس تقریب میں 31 مئی تا 15 جون نیدرلینڈز میں کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ہاکی انڈیا نے 1975ء میں ہندوستان کو عالمی چمپین بنانے والی ٹیم کے بقیدِ حیات 13 کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے جنہیں تہنیتی تقریب میں فی کس ایک لاکھ 75 ہزار روپئے انعام بھی دیا جائے گا۔ ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل نریندر بترا نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 1975ء میں ہندوستان کو عالمی چمپین بنانے والے ہاکی کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے لئے ایک تہنیتی تقریب اور اس میں انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو دراصل انتظامیہ کی جانب سے کیا جانے والا ایک اختراعی اقدام ہے۔