ہاکی ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور نیوزی لینڈ کی پیشقدمی

بھوبھنیشور۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں ارجنٹنا اور نیوزی لینڈ نے فتوحات حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔ بھوبھنیشور میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں عالمی نمبر دو ارجنٹینا کا مقابلہ درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود اسپین سے تھا جس میں ہسپانوی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹیناکے لئے فتح کا حصول مشکل بنا دیا لیکن میچ میں دو مرتبہ برتری لینے کے باوجود بھی وہ فتح حاصل نہ کرسکی۔ میچ ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا اور اسپین نے اینریک گونزالز کے گول کی بدولت تیسرے منٹ میں برتری حاصل کی لیکن اگلے ہی منٹ میں ارجنٹینا نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ میچ کے پہلے کوارٹر کے اختتام سے ایک منٹ قبل رومیو نے گول کر کے اسپین کو ایک مرتبہ پھر برتری دلائی لیکن اس مرتبہ ارجنٹیناکی ٹیم نے جاندار انداز میں واپسی کی اور کھیل کے 15ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کر کے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ہی میچ میں 2-3 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم کوشش کے باوجود گول اسکور نہ کر سکی اور ہاف ٹائم پر ارجنٹیناکو حریف پر برتری حاصل تھی۔ کھیل کے 35ویں منٹ میں ویسننک روئز گول کر کے مقابلہ 3۔3 گول سے برابر کردیا لیکن کھیل کے چوتھے کوارٹر میں پلیٹ نے اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول اسکور کر کے 3-4 سے فتح دلا دی۔ دن کا دوسرا میچ پول اے کی ٹیموں نیوزی لینڈ اور فرانس کے درمیان کھیلاگیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی لیکن دوسرے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں کین رسل کے گول نے نیوزی لینڈ کو برتری دلا دی جو تیسرے کوارٹر میں برقرار رہی۔ میچ کے چوتھے اورآخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے تیز اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور 56 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ اسٹیفن جینس کے گول کی بدولت اپنی برتری کو دگنا کردیا۔کھیل کے 59 ویں منٹ میں فرانس کی ٹیم نے گول کر کے مقابلہ سنسنی خیز بنانے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور جب ایک منٹ بعد ریفری نے میچ کے خاتمے کے لیے سیٹی بجائی تو 1-2 کا اسکور نیوزی لینڈ کی فتح کا اعلان کر رہا تھا۔